مونگ آبپاشی کا پلان
مونگ کی فصل کو بہت زیادہ آبپاشی کی ضرورت نہیں ہوتی اس لئے یہ فصل بارانی علاقوں میں بھی اچھی پیداوار دیتی ہے۔ جون کاشتہ فصل کو دو سے چار مرتبہ آبپاشی کی جاتی ہے۔ ڈرل یا چھٹۓ سے کاشتہ فصل کو پہلا پانی پھول نکلنے پر لگایا جاتا ہے۔ پھلیاں لگنے کے دوران پانی کی کمی نہیں ہونے دی جاتی۔ مون سون کے دوران بارش کی مناسبت سے آبپاشی کی جاتی ہے۔ فروری مارچ میں پٹڑیوں پر کاشتہ فصل کو پہلی آبپاشی کاشت کے فوراً بعد کی جاتی ہے۔ اس فصل کو چھ سے سات آبپاشیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ جون کاشتہ فصل کو آبپاشی شام کے وقت جبکہ بہاریہ فصل کو دن یا رات کے وقت آبپاشی کی جاتی ہے۔
مونگ کھادوں کا پلان
مونگ کی کاشت کے لئے ہلکی میرا اور ریتلی زمینوں میں ایک بوری ڈی اے پی فی ایکڑ یا اسکے متبادل کھاد ڈالی جاتی ہے۔ جن زمینوں میں فاسفورس کی قلت ہو ان زمینوں میں ڈیڑھ تا دو بوری ڈی اے پی فی ایکڑ ڈالی جائے تو مونگ کی بہتر پیداوار حاصل ہوتی ہے۔
کمزور زمینوں سے مونگ کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کے لئے زمین میں کھاد ڈالنے کے ساتھ ساتھ این پی کے 20:20:20 فولیر کھادوں کا استعمال بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔ نیز وائرس سے متاثرہ مونگ کی فصل میں کاشت کے پہلے ڈیڑھ ماہ کے اندر فولیر کھادوں اور زنک ملا کر سپرے کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔ کاشت کے پہلے چالیس دن کے اندر اندر پھول بننے پر امائنو ایسڈ پانچ سو ملی لٹر فی ایکڑ کے استعمال سے پیداوار بہتر ہوتی ہے۔















