مونگ گرم اور خشک موسم کی فصل ہے۔ شدید گرمی اور زیادہ بارشوں سے مونگ کی فصل متاثر ہوتی ہے۔

مونگ موزوں زمین و شرح بیج

مونگ کی پیداواربہتر نکاس والی میرا اور ہلکی میرا زمین میں بہتر ہوتی ہے۔ بھاری میرا،چکنی، زیادہ زرخیز اور کلر اٹھی زمیں مونگ کی پیداوار کے لئے غیر موزوں ہے۔ مونگ کی کاشت کے لئے باریک زمینی تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسلیئے مونگ کی کاشت کے لئے کھیت میں ایک یا دو مرتبہ ہل چلا کرسہاگہ پھیرا جاتا ہے۔ بارانی علاقوں میں مون سون کی بارشوں سے پہلے ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل چلا کر زمین کو لیزر لینڈ لیولرکی مدد سے ہموار کیا جاتا ہے۔

مونگ کی ہلکی میرا زمین میں چھٹے کے طریقے سے یا اگیتی بہاریہ ڈرل کی مدد سے کاشت کی صورت میں بارہ کلو گرام ، جون میں بھاری میرا زمینوں میں ڈرل سے کاشت کی صورت میں دس کلوگرام بیج استعمال ہوتا ہے۔ مونگ کی فصل کو پٹڑیوں کے کناروں پر چوکے لگا کر کاشت کرنے کی صورت میں چار تا پانچ کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال ہوتا ہے۔

مونگ وقت و طریقہ کاشت

مونگ کی فصل سال میں دو مرتبہ فروری مارچ میں اور وسط جون سے وسط جولائی کے دوران کاشت کی جاتی ہے۔ فروری-مارچ کاشتہ فصل کو بہاریہ فصل کہتے ہیں۔ بہاریہ کاشت کی پیداوار بہتر ہوتی ہے۔ جون-جولائی کاشتہ فصل کو موسمی کاشت کہا جاتا ہے۔ مونگ کی اپریل یا مئی میں کاشتہ فصل جسے فصل خریف بھی کہتے ہیں میں گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت کم ہوتی ہے۔ مونگ کی فصل میں گرمی کی وجہ سے زردانے مر جاتے ہیں اور پھلیوں میں دانے کم بنتے ہیں۔ چھٹے یا ڈرل کی مدد سے کاشت کرنے کی صورت میں درجہ حرارت اٹھائیس سینٹی گریڈ جبکہ چوکہ سے کاشت کرنے کی صورت میں درجہ حرارت چھبیس سینٹی گریڈ فصل کے لئے بہتر ہوتا ہے۔

بارانی علاقوں میں مون سون کی بارشیں شروع ہونے پر بوائی شروع کی جاتی ہے اور پندرہ جولائی تک مکمل کر لی جاتی ہے۔

مونگ کی فصل کو عام طور پر  چھٹہ، ڈرل یا چوکے کے طریقے سے کاشت کیا جاتا ہے۔ زیادہ بارش والے علاقوں میں مونگ کی کاشت کھیلیوں پر کی جاتی ہے۔ ڈرل کے ذریعے کاشت کرنے کے لئے قطاروں کا فاصلہ ایک تا ڈیڑھ فٹ اور پودوں کا فاصلہ تین تا چار انچ رکھا جاتا ہے۔ کھیلیوں پر مونگ کی کاشت کے لئے لیزر سے زمین ہموار کرنے کے بعد بیج کا چھٹہ کیا جاتا ہے اور اسکے بعد اڑہائی فٹ کے فاصلے پر رجر کی مدد سے کھیلیاں بنائی جاتی ہیں۔ اور اسکے بعد آبپاشی کی جاتی ہے۔

بھاری میرا یا کلراٹھی زمین میں مونگ کی کاشت کھیلیوں یا پٹریوں کے دونوں کناروں پر چوکے لگا کر کی جاتی ہے۔ کھیلیوں کا فاصلہ اڑھائی فٹ رکھا جاتا ہے اور دونوں کناروں پر چار چار انچ کے فاصلے پر چوکے لگائے جاتے ہیں۔ میرا یا ہلکی میرا زمین میں مونگ کی کاشت کے لئے بیج کا چھٹہ کر کے فوراً آبپاشی کر دی جاتی ہے۔

آبپاش علاقوں میں پہلے پانی سے پہلے اور بارانی علاقوں میں اگاؤ کے آٹھ تا دس دن بعد جب فصل کے چار تا پانچ پتے نکل آئیں تو پودوں کا باہمی فاصلہ تین تا چار انچ رکھ چھدرائی کی جاتی ہے۔

مونگ کی برداشت

مونگ کی فصل وقت کاشت،  زمین اور اقسام کی مناسبت سے اسی تا ایک سو دس دن میں تیار ہو جاتی ہے۔ اسی تا نوے دنوں میں جب اسی فیصد پھلیاں پک جاتی ہیں تو فصل کی کٹائی کر لی جاتی ہے۔ مونگ کی بہاریہ فصل مئی کے آخرجبکہ وسط مارچ کاشتہ فصل جون تک پک جاتی ہے۔ جون میں کاشت کی گئی مونگ کی فصل ستمبر یا وسط اکتوبر میں برداشت کے قابل ہو جاتی ہے۔

مونگ کی فصل میں اسی فیصد پھلیاں پکنے پر پیراکوایٹ سپرے کرکے چار تا چھ دن بعد کٹائی کر کے ڈھیریاں لگالی جاتی ہیں۔ پھر ڈھیریاں خشک ہونے پر تھریشر کی مدد سے دانے الگ کر لیئے جاتے ہیں۔ چھوٹے قد والی فصل مونگ کی فصل میں اسی فیصد پھلیاں پکنے پر پیراکوایٹ سپرے کیا جاتا ہے۔ پھر اسکے چار تا چھ دن بعد گندم والی چھلنی لگا کر کمبائن ہارویسٹر کی مدد سے برداشت کیا جاتا ہے۔ کمبائن ہارویسٹڑ سے بڑے قد اور گیلی فصل کو برداشت نہیں کیا جاتا۔

مونگ کی چھوٹے پیمانے پر کاشت کی صورت میں پھیلیوں کے پکنے کے ساتھ ہی چنائی شروع کر دی جاتی ہے۔ مونگ کی زیادہ گھنی اور بڑی فصلوں کے لئے یہ طریقہ اختیار کیا جاتا ہے۔ موسم ناسازگار ہو تو پوری فصل کی کٹائی کے بجائے پھلیاں اور بیل کا تھوڑا حصہ کاٹ کر بچ جانے والی بیلوں کو روٹاویٹر کی مدد سے زمین میں ملا دیا جاتا ہے۔ اسکے بعد ڈنڈے یا تھریشر کی مدد سے دانے الگ کر لئے جاتے ہیں۔