ماش کی فصل پر زہروں کے سپرے سے پہلے موسمی حالات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ اگر بوائی کے دس دن بعد تک بارش ہونے کا خدشہ ہو تو چھٹہ سے کاشتہ فصل پر زہر سپرے نہ کریں۔ ڈرل کاشتہ فصل کسی حد تک بارش برداشت کت لیتی ہے۔ ماش کی فصل میں مختلف جڑی بوٹیاں اُگتی ہیں لیکن مارچ سے جولائی تک کاشتہ فصل میں اٹ سٹ، تاندلہ، ڈیلا، سوانکی، ہلہل، مدھانہ اور چولائی جبکہ بہاریہ ماش میں باتھو، کرنڈ، جنگلی پالک زیادہ اگتے ہیں۔
اگاؤسے پہلے سپرے
ماش کی فصل میں جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کیلئے اگاؤ سے پہلے پینڈی میتھالین چار سو پچپن ایس سی ہزار ملی لٹر فی ایکڑ کے حساب سے سپرے کریں۔ ڈیلے اور تاندلے کے خاتمہ کیلئے ایس-میٹولاکلور نو سو ساٹھ ای سی آٹھ سو ملی لٹر فی ایکڑ استعمال کریں۔ ماش کی بہاریہ فصل کی کاشت کی صورت میں جڑی بوٹی مار زہر کاشت کے بعد سپرے کریں۔ جبکہ مئی جون میں کاشتہ فصل میں زمین کی تیاری کے دوران ہی جڑی بوٹی مار زمین میں ملا دیں۔
اگاؤ کے بعد سپرے
ماش کی فصل سے اٹ سٹ، تاندلہ، اور چوڑے پتوں والی دیگر جڑی بوٹیاں تلف کرنے کے لئے فومیسافن پچیس ایس ایل اور گھاس خاندان کی جڑی بوٹیوں کے لئے کویزلوفوپ-پی-ایتھائل پندرہ ای سی سپرے کریں۔ اگر سپرے ماش کی بجائی کے دس تا بارہ دن کے اندر کیا جا رہا ہو تو ڈیڑھ سو ملی لٹر اور اگر بجائی کے اٹھارہ تا پچیس دن کے اندر کیا جا رہا ہو تو دوسو ملی لٹر کے حساب سے زہرسو لٹر پانی میں ملا کر وتر حالت میں سپرے کریں۔ جڑی بوٹیاں ایک ماہ سے زیادہ بڑی ہو جائیں تو زہر کی مقدار اڑھائی سو ملی لٹر فی ایکڑ کر دیں۔ ماش کی فصل میں چبھڑ شدید مسئلہ پیدا کرتی ہے۔ چبھڑ کی مکمل تلفی کے لئے تین انچ سے بڑا ہونے سے پہلے فومیسافن وتر حالت میں اڑھائی سو ملی لٹر اور خشک حالت میں تین سو ملی لٹر فی ایکڑ کے حساب سے ایک سو بیس لٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں۔ ماش کی فصل سے ڈیلے کی تلفی کے لئے ہالوسلفیوران پچھتر ڈبلیو ڈی جی پندرہ تا بیس گرام سو لٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں۔














