ماش کی کاشت گرم اور خشک موسم کی فصل ہے۔ ماش کی پیداوار گرمی اور زیادہ بارشوں سے متاثر ہوتی ہے۔

ماش موزوں زمین و شرح بیج

ماش کی پیداواربہتر نکاس والی میرا اور ہلکی میرا زمین میں بہتر ہوتی ہے۔ بھاری میرا،چکنی، زیادہ زرخیز اور کلر اٹھی زمیں ماش کی پیداوار کے لئے غیر موزوں ہے۔ ماش کی کاشت کے لئے زمین باریک تیاری کی جاتی ہے۔ جس کیلئے کھیت میں ایک یا دو مرتبہ ہل اورسہاگہ چلایا جاتا ہے۔ بارانی علاقوں میں کاشت کی صورت مون سون کی بارشوں سے پہلے ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل چلا کر زمین کو لیزر لینڈ لیولرکی مدد سے ہموار کیا جاتا ہے۔ ماش کی ہلکی میرا زمین میں چھٹے کے طریقے سے چھ سے دس کلو گرام اوراگیتی بہاریہ ڈرل کی مدد سے کاشت کی صورت میں چھ سے آٹھ سے کلو گرام بیج استعمال ہوتا ہے۔ ماش کی فصل کو پٹڑیوں کے کناروں پر چوکے لگا کر کاشت کرنے کی صورت میں چار تا پانچ کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال ہوتا ہے۔

ماش وقت و طریقہ کاشت

ماش کی فصل سال میں دو مرتبہ فروری مارچ میں اور وسط جون سے وسط جولائی کے دوران کاشت کی جاتی ہے۔ فروری-مارچ کاشتہ فصل کو بہاریہ فصل کہتے ہیں۔ بہاریہ کاشت کی پیداوار بہتر ہوتی ہے۔ جون-جولائی کاشتہ فصل کو موسمی کاشت کہا جاتا ہے۔ ماش کی اپریل یا مئی میں کاشتہ فصل جسے فصل خریف بھی کہتے ہیں میں گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت کم ہوتی ہے۔ ماش کی فصل میں گرمی کی وجہ سے زردانے مر جاتے ہیں اور پھلیوں میں دانے کم بنتے ہیں۔ چھٹے یا ڈرل کی مدد سے کاشت کرنے کی صورت میں درجہ حرارت اٹھائیس سینٹی گریڈ جبکہ چوکہ سے کاشت کرنے کی صورت میں درجہ حرارت چھبیس سینٹی گریڈ فصل کے لئے بہتر ہوتا ہے۔ بارانی علاقوں میں مون سون کی بارشیں شروع ہونے پر بوائی شروع کی جاتی ہے اور پندرہ جولائی تک مکمل کر لی جاتی ہے۔ ماش کی فصل کو عام طور پر چھٹہ، ڈرل یا چوکے کے طریقے سے کاشت کیا جاتا ہے۔ زیادہ بارش والے علاقوں میں ماش کی کاشت کھیلیوں پر کی جاتی ہے۔ ڈرل کے ذریعے کاشت کرنے کے لئے قطاروں کا فاصلہ ایک تا ڈیڑھ فٹ اور پودوں کا فاصلہ تین تا چار انچ رکھا جاتا ہے۔ کھیلیوں پر ماش کی کاشت کے لئے لیزر سے زمین ہموار کرنے کے بعد بیج کا چھٹہ کیا جاتا ہے اور اسکے بعد اڑہائی فٹ کے فاصلے پر رجر کی مدد سے کھیلیاں بنائی جاتی ہیں۔ اور اسکے بعد آبپاشی کی جاتی ہے۔

ماش کی برداشت

ماش کی فصل وقت کاشت، زمین اور اقسام کی مناسبت سے اسی تا ایک سو دس دن میں تیار ہو جاتی ہے۔ اسی تا نوے دنوں میں جب اسی فیصد پھلیاں پک جاتی ہیں تو فصل کی کٹائی کر لی جاتی ہے۔ ماش کی بہاریہ فصل مئی کے آخرجبکہ وسط مارچ کاشتہ فصل جون تک پک جاتی ہے۔ جون میں کاشت کی گئی ماش کی فصل ستمبر یا وسط اکتوبر میں برداشت کے قابل ہو جاتی ہے۔ ماش کی فصل میں اسی فیصد پھلیاں پکنے پر پیراکوایٹ سپرے کرکے چار تا چھ دن بعد کٹائی کر کے ڈھیریاں لگالی جاتی ہیں۔ پھر ڈھیریاں خشک ہونے پر تھریشر کی مدد سے دانے الگ کر لیئے جاتے ہیں۔ چھوٹے قد والی فصل ماش کی فصل میں اسی فیصد پھلیاں پکنے پر پیراکوایٹ سپرے کیا جاتا ہے۔ پھر اسکے چار تا چھ دن بعد گندم والی چھلنی لگا کر کمبائن ہارویسٹر کی مدد سے برداشت کیا جاتا ہے۔ کمبائن ہارویسٹڑ سے بڑے قد اور گیلی فصل کو برداشت نہیں کیا جاتا۔ ماش کی چھوٹے پیمانے پر کاشت کی صورت میں پھیلیوں کے پکنے کے ساتھ ہی چنائی شروع کر دی جاتی ہے۔ ماش کی زیادہ گھنی اور بڑی فصلوں کے لئے یہ طریقہ اختیار کیا جاتا ہے۔ موسم ناسازگار ہو تو پوری فصل کی کٹائی کے بجائے پھلیاں اور بیل کا تھوڑا حصہ کاٹ کر بچ جانے والی بیلوں کو روٹاویٹر کی مدد سے زمین میں ملا دیا جاتا ہے۔ اسکے بعد ڈنڈے یا تھریشر کی مدد سے دانے الگ کر لئے جاتے ہیں۔